بلوچستان بھر میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور جنوبی اضلاع شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا۔ آج تربت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ بلوچستان کا گرم ترین علاقہ رہا، جبکہ سبی اور گوادر میں درجہ حرارت 45، نوکنڈی میں 43 اور جیوانی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مرکزی شہر کوئٹہ میں پارہ 36 ڈگری تک پہنچ گیا، جبکہ زیارت میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دن 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں اور ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں۔
ڈاکٹر محمد عمر فاروق کے مطابق، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے بچنے کے لیے بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کے باعث گرمی کی یہ لہر مزید برقرار رہ سکتی ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات اور موسمی تجزیہ کاروں نے بحیرہ عرب میں 8 مئی سے غیر معمولی موسمی سرگرمیوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق بحیرہ عرب میں دو الگ الگ سمندری سسٹمز یا ممکنہ طوفان بننے کی صورتحال واضح ہو رہی ہے، جن میں سے ایک کا رخ پاکستان، ایران اور بھارت جبکہ دوسرے کا رخ اومان کی جانب ہو سکتا ہے۔ ان سسٹمز کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں نمی کا تناسب بڑھنے اور ہیٹ انڈیکس میں خطرناک اضافے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 8 سے 18 مئی کے دوران گوادر، پسنی، اورماڑہ اور حب سمیت دیگر ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری تک مزید بڑھ سکتا ہے، جس سے ہیٹ ویو کی صورتحال سنگین ہو جائے گی۔ اسی دوران ایک طاقتور مغربی سسٹم (ویسٹرن ڈسٹربنس) بھی ملک میں داخل ہونے کی توقع ہے، جو بارشوں اور گرد آلود ہواں کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین نے ماہی گیروں کو سمندر میں احتیاط برتنے اور شہریوں کو شدید گرمی و حبس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے۔