بلوچی شاعر، ادیب، مترجم اور صحافی سرباز وپا کی نئی کتاب "جہد ءُ جہدکار” زرمبش پبلی کیشن کی جانب سے شائع کر دی گئی ہے۔
زرمبش پبلی کیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق کتاب کی پروف ریڈنگ استاد بابل لطیف نے کی ہے، ایڈیٹنگ قاضی ریحان نے انجام دی ہے، جبکہ سرورق الیاس بلوچ نے ڈیزائن کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کتاب میں قاضی ریحان کا مضمون "جہدکار: راج ءِ راھشون” بھی شامل ہے، جو قارئین کو کتاب کے بنیادی موضوعات اور فکری جہتوں کی طرف متوجہ کرتا ہے۔
کتاب میں جہدکار، سیاست، قیادت، رہنما کی ذمہ داریاں، کامیاب لیڈر کی خصوصیات، دوستی کی اہمیت، تنظیم اور تنظیم کاری، سرکلز کی ضرورت و افادیت، سرکلز نہ ہونے کے نقصانات، تنقید کے فوائد و حدود سمیت متعدد فکری و تنظیمی موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
"جہد ءُ جہدکار” سرباز وپا کی تیسری تصنیف ہے۔ اس سے قبل ان کی دو کتابیں "جنگولیں پدا” اور "جپاکشیں ورنا” شائع ہو چکی ہیں، جو قومی جہدکار شہدا کے حوالے سے لکھی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ سرباز وپا کی دو ترجمہ شدہ کتابیں بھی منظرِ عام پر آ چکی ہیں۔
زرمبش پبلی کیشن کے مطابق کتاب کی پی ڈی ایف ان کے آفیشل ٹیلی گرام چینل پر دستیاب ہے۔