بلوچستان حکومت کا گریڈ 4 سے 16 کی بھرتیاں AI کے ذریعے کرنے کا فیصلہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان حکومت نے گریڈ 4 سے 16 تک کی سرکاری بھرتیاں آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند کے مطابق بھرتیوں میں شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے یہ نظام آئندہ مالی سال سے نافذ کیا جائے گا، جبکہ گریڈ 1 سے 4 کی بھرتیاں متعلقہ اضلاع میں ہوں گی۔

بلوچستان کابینہ نے اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی، جن میں بلوچستان کلائمیٹ چینج فنڈ کے استعمال سے متعلق جامع پالیسی، پہلی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2026ء، اور بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے لیے 3 ارب روپے سیڈ منی اور 1 ارب روپے بقایہ جات کی فراہمی شامل ہے۔ نئی اشتہاری پالیسی کے تحت ڈمی اخبارات کے خاتمے اور سوشل میڈیا کو باقاعدہ فریم ورک میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کابینہ نے اسٹرٹیجک ریزروز کے لیے گندم نجی شعبے سے خریدنے کی وفاقی پالیسی سے بھی اتفاق کیا ہے، اور ضرورت پڑنے پر وفاق سے ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی درخواست کی جائے گی۔

شاہد رند نے کہا کہ یہ تمام اقدامات بہتر طرز حکمرانی، شفاف بھرتیوں، غذائی تحفظ اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Share This Article