جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم کے احتجاجی کیمپ 6131ویں روز میں داخل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم دنیا کے طویل ترین اور پرامن احتجاجی کیمپ کو آج 6132 دن مکمل ہوچکے ہیں۔ یہ محض ایک احتجاج نہیں بلکہ اُن خاندانوں کے صبر، کرب اور امید کی داستان ہے، جن کے پیارے برسوں سے لاپتہ ہیں۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ جس اذیت اور بے یقینی کا سامنا کر رہے ہیں، وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ جبری گمشدگیاں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ آئین و قانون کی کھلی نفی بھی ہیں۔ کسی بھی شہری کو بغیر قانونی عمل کے لاپتہ کرنا انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

ہم حکومتِ وقت کو یاد دلاتے ہیں کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی اس کی آئینی ذمہ داری ہے۔ اگر کسی فرد پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی ہوسکے، اور اگر وہ بےگناہ ہے تو اسے فوری طور پر رہا کیا جائے۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے۔جبری گمشدگیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔اور اس عمل میں ملوث عناصر کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔یہ آواز انصاف، قانون کی بالادستی اور انسانی وقار کے لیے ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ریاست اس درد کو سمجھے گی اور عملی اقدامات کے ذریعے اس دیرینہ مسئلے کا حل نکالے گی۔

Share This Article