بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں تربت یونیورسٹی میں طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی کا مرکزی گیٹ بند کر دیا، جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہو گئی اور انتظامیہ نے پولیس کو طلب کر لیا۔
طلباء کے مطابق احتجاج کی بنیادی وجہ ایک طالبعلم بنام طلال کا معاملہ ہے، جس نے پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ میں داخلہ لیا اور اس کے پاس چالان اور داخلے کی تصدیق بھی موجود ہے، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اسے کلاس لینے سے روک دیا گیا، جس پر احتجاج شروع ہوا۔
بعد ازاں دیگر طلباء بھی اپنے مسائل، جن میں میس، ہاسٹل، کلاسز اور دیگر سہولیات شامل ہیں، کے باعث احتجاج میں شامل ہو گئے۔
یونیورسٹی گیٹ پر طلباء کی بڑی تعداد جمع رہی، جبکہ رجسٹرار اور دیگر انتظامی حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کر کے احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی، تاہم تاحال مسئلہ حل نہیں ہو سکا ہے۔