جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6120 ویں روز سے جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام قائم احتجاجی کیمپ تنظیم کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں 6120ویں روز جاری رہا۔

اس دوران کامریڈ منظور بلوچ اور خدائے رحیم سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے جبری گمشدگیوں کے فوری خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

وی بی ایم پی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نے کہا کہ تنظیم گزشتہ 16 سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں و ماورائے قانون اقدامات کے خلاف پرامن اور آئینی جدوجہد کر رہی ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ سنگین انسانی مسئلہ تاحال حل طلب ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ جبری گمشدگیوں میں اضافہ باعثِ تشویش ہے، جو شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کو اس سنگین انسانی مسئلے سے پاک کیا جا سکے۔

Share This Article