بالن شاہ نے نیپال کے نئے وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

نیپال کے نومنتخب وزیراعظم بالیندر شاہ نے جمعے کو دارالحکومت کٹھمنڈو میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھا لیا۔ 35 سالہ شاہ ملک کے تاریخ کے سب سے کم عمر وزیراعظم بن گئے ہیں۔ وہ خراب معیشت، بے روزگاری اور سیاسی عدم استحکام جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کریں گے۔

معروف ریپ گلوکار سے سیاستدان بننے والے شاہ نے حالیہ انتخابات میں اپنی تین سال پرانی جماعت راشٹریہ سوتنتر پارٹی (RSP) کے ساتھ 275 میں سے 182 نشستیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کی۔ یہ انتخابات گزشتہ سال ’’جنریشن زی‘‘ کے اینٹی کرپشن احتجاج کے بعد حکومت کے خاتمے کے نتیجے میں ہوئے تھے۔

حلف برداری کے موقع پر شاہ اپنی مخصوص سیاہ پوشاک، نیپالی ٹوپی اور سن گلاسز میں نظر آئے۔ تقریب میں 200 سے زائد ہندو پنڈتوں اور بدھ لاماؤں نے امن کی دعائیں پڑھیں جبکہ سفارت کاروں اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

شاہ نے حلف سے ایک روز قبل حب الوطنی پر مبنی ایک نیا میوزک ویڈیو جاری کیا، جس میں روشن مستقبل کا عزم ظاہر کیا گیا تھا۔

وزیراعظم بننے کے بعد انہوں نے 14 رکنی کابینہ تشکیل دی ہے، جو سرکاری اخراجات کم کرنے کے ان کے وعدے کا حصہ ہے۔ ہارورڈ سے تعلیم یافتہ ماہرِ معاشیات سوارنِم واگلے کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔
بھارت اور چین نے شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

نیپال میں بے روزگاری، بدعنوانی اور غربت بڑے مسائل ہیں۔ ملک کی تین کروڑ آبادی میں سے تقریباً 20 فیصد غربت کا شکار ہے جبکہ روزانہ 1500 سے زائد افراد روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جاتے ہیں۔ سیاسی عدم استحکام بھی دیرینہ مسئلہ ہے—1990 سے اب تک 32 حکومتیں بن چکی ہیں۔

عبوری دور میں سابق چیف جسٹس سوشیلا کارکی نے حکومت چلائی تھی، جس کے بعد اب نئی منتخب قیادت نے باقاعدہ طور پر اقتدار سنبھال لیا ہے۔

Share This Article