بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے پروم جائین سے مسلح افراد ایک شخص کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
اغواء ہونے والے شخص کی شناخت زبیر احمد ولد امان جان کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد زبیر احمد کو اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اغواء ہونے والا شخص سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ، جسے مقامی طور پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے، سے وابستہ ہے۔
مقامی افراد کے مطابق یہ گروہ علاقے میں اغواء، قتل اور دیگر پرتشدد سماجی برائیوں میں ملوث ہے۔
بلوچستان میں “ڈیتھ اسکواڈ” کی اصطلاح ان مسلح گروہوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جن پر الزام ہے کہ وہ ریاستی اداروں کی حمایت سے سرگرم عمل ہیں۔
ان گروہوں پر جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور دیگر سماجی برائیوں جیسے الزامات بھی عائد کیے جاتے ہیں۔
تاہم پنجگور میں زبیر احمد کے اغواء کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے ہیں اور نہ ہی اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول کی ہے۔