کوئٹہ ریڈ زون میں سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار کی تعمیر پر اعلیٰ سطحی اجلاس

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان اور ڈی آئی جی آپریشنز لیفٹیننٹ (ر) عمران شوکت کی زیر صدارت ریڈ زون میں سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی، ایس ای سٹی انجینئر اظہر جان، ایس پی ریڈ زون حنان اچکزئی، ٹیکنیکل ایڈوائزر انجینئر احسان دوتانی، انجینئر اویس پرویز سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انجینئر اویس پرویز نے تعمیراتی مراحل اور سیکیورٹی تقاضوں سے متعلق بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے مختلف حصوں پر کام جاری ہے جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران سیکیورٹی خدشات، انتظامی مسائل اور دیگر چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔

شرکاء نے ان مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی بلوچستان بھر میں حالیہ مربوط کارروائیوں، جن میں کوئٹہ کا ریڈ زون بھی شامل ہے، کے بعد حساس علاقوں تک عسکریت پسندوں کی رسائی اور فدائی حملے نے حکومتی ایوانوں میں سیکیورٹی سے متعلق سنگین سوالات اٹھا دیے تھے۔ اسی تناظر میں ریڈ زون کے سیکیورٹی پلان کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے اجلاس میں کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ریڈ زون نہایت حساس علاقہ ہے، اس لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار کا منصوبہ حساس سرکاری عمارات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لیفٹیننٹ (ر) عمران شوکت نے کہا کہ ریڈ زون اور وی آئی پی زون کی فول پروف سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، اس لیے منصوبے کی تکمیل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو جلد از جلد مؤثر بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری بابر خان نے ہدایت کی کہ منصوبے میں معیار، شفافیت اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام تکنیکی و سیکیورٹی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے بروقت مکمل کیا جائے۔

Share This Article