ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے دعویٰ کیا ہے کہ متعدد امریکی فوجی ایران کی قید میں ہیں۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے ایکس پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ’مجھے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ متعدد امریکی فوجیوں کو ایران کی افواج نے قیدی بنا لیا ہے۔‘
اُنھوں نے ایکس پر اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’اس کے برعکس امریکی انتظامیہ دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ لڑائی کے دوران مارے گئے ہیں۔‘
علی لاریجانی نے اپنے پیغام کے آخر پر یہ بھی کہا کہ ’اپنی بے سود کوششوں کے باوجود، سچائی وہ چیز نہیں جسے وہ (امریکہ) زیادہ دیر تک چھپا سکے۔‘
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ایران کی مسلح افواج آپریشن کی موجودہ رفتار سے کم از کم چھ ماہ کی شدید جنگ جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔‘
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی نے کہا کہ ’امریکی اور اسرائیلی اڈوں اور تنصیبات میں 200 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں سے تقریباً 60 فیصد علاقے میں امریکی اڈوں کے خلاف اور 40 فیصد اسرائیلی اہداف کے خلاف استعمال ہوئے‘۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’اب تک آپریشنز میں استعمال ہونے والے میزائل زیادہ تر پہلی اور دوسری جنریشن سے تعلق رکھتے ہیں اور اگلے مراحل میں زیادہ جدید اور کم استعمال کیے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے نئے طرز کے حملے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوں گے۔‘