پنجگور سے جبری لاپتہ شخص کی لاش برآمد،تربت میں روڈ حادثے میں خاتون ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے پنجگور سے جبری لاپتہ شخص کی لاش برآمدہوئی ہے جبکہ ،تربت میں روڈ حادثے میں ایک خاتون ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پنجگور میں گزشتہ ہفتے نامعلوم مسلح گاڑی سوار افراد نے ایک شخص کو اغواء کر لیا تھا، جسکی لاش آج برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پنجگور کے علاقے خدابادان سے رہائشی نوجوان عبدالحلیم کو بعد از نمازِ تراویح نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق آج عبدالحلیم کی لاش پنجگور کے علاقے سریکوران سے برآمد ہوئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق اغواء کاروں کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ، جسے مقامی سطح پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے، سے بتایا جا رہا ہے۔

پنجگور میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس نوعیت کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق صرف گزشتہ ایک ماہ کے دوران کم از کم بارہ سے زائد افراد کی لاشیں مختلف علاقوں سے برآمد ہو چکی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ برآمد ہونے والی زیادہ تر لاشیں ان افراد کی تھیں جو اس سے قبل جبری گمشدگی کا شکار بنائے گئے تھے اور طویل عرصے سے لاپتہ تھے۔ ان واقعات کے تسلسل نے علاقے میں شدید تشویش اور خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔

دوسری جانب تربت میں ایم 8 شاہراہ پر سامی کے علاقے میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سامی کے علاقے میں دو گاڑیوں اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔

ہلاک خاتون کا تعلق پنجگور سے بتایا جاتا ہے۔ اتفاقاً گوادر سے پنجگور جانے والی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی، جس کے ذریعے خاتون کی لاش اور ایک زخمی کو پنجگور منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو تربت ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Share This Article