ریاستی نگرانی میں اضافہ، بی وائی سی ارکان سمیت 10 افراد فورتھ شیڈول میں شامل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

حکومتِ بلوچستان کے ہوم ڈیپارٹمنٹ (جوڈیشل سیکشن-II) نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11-EE کے تحت فورتھ شیڈول کی نئی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں ضلع حب سے تعلق رکھنے والے 10 افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ یہ نوٹیفکیشن 4 مارچ 2026 کو جاری ہوا۔

سرکاری دستاویز کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی حب کی سفارش پر جن افراد کو شیڈول-IV میں شامل کیا گیا ہے، ان میں سیما بلوچ، حمل انگاریا، سنوبر بلوچ، جمال الدین، غلام علی بگٹی، ثناء کلادزئی بلوچ، پرویز، سعید عمر خلیجی، مفتی وزیر احمد رضوی اور ماہان بلوچ شامل ہیں۔

فہرست میں شامل بیشتر افراد کا تعلق بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) سے ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ایک نام ٹی ایل پی سے منسوب کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو متعدد پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا، جن میں پاسپورٹ متعلقہ تھانے میں جمع کرانا، ہر ماہ پولیس اسٹیشن میں حاضری دینا، مستقل رہائش گاہ سے باہر جانے کے لیے پیشگی اجازت لینا اور اپنے "اچھے کردار” کی ضمانت جمع کرانا شامل ہے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ تاہم شہری آزادیوں کے کارکنان اور سیاسی مبصرین اس بات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں کہ فورتھ شیڈول کا استعمال بلوچستان میں اظہارِ رائے، سیاسی سرگرمیوں اور پرامن تنظیموں کے خلاف دباؤ کے آلے کے طور پر بڑھتا جا رہا ہے۔

Share This Article