سوراب وکیچ میں پولیس پر مہلک حملے،بکتر بند گاڑی وچیک پوسٹ تباہ ، ایک اہلکار ہلاک، دیگر یرغمال ورہا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے سوراب او رضلع کیچ کے علاقے کلاتک میں پولیس پر دو مختلف مہلک حملوں میں  بکتر بند گاڑی اور چیک پوسٹ مکمل تباہ ہوگئے ۔جبکہ ان حملوں میں ایک اہلکار ہلاک اور دیگر کو یرغمال بنایا گیا ہے۔

سوراب سے اطلاعات ہیں کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر الحرمین ہوٹل کے قریب پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایاگیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت خلیل احمد کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق سوراب سے بتایا جاتا ہے۔

ذرائع کے کہنا ہے کہ دھماکے میں اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز شہر میں دور دور تک سنائی دی جس کے باعث آس پاس کی متعدد دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوری بعد پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے ۔

دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ کراچی شاہراہ کو عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے کلاتک میں نامعلوم مسلح افراد نے زبیدہ جلال ہائی وے کے ساتھ واقع پولیس چیک پوسٹ کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا جس سے چیک پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد سرکاری اسلحہ قبضے میں لے لئے اور چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں کو مختصر وقت کے لئے یرغمال بھی بنایا بعد ازان انہین رہا کردیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے سڑک پر چیکنگ بھی کی۔

حکام کی جانب سے تاحال واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

Share This Article