بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے برکت علی نے اپنے بھائی محمد رشید بگٹی کی بازیابی کے لیے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے۔
محمد رشید ولد مولابخش بگٹی، جو بلوچستان کانسٹیبلری (BC پولیس) میں سپاہی تھے، 2 فروری 2021 کو دورانِ ڈیوٹی کوئٹہ شہر سے جبری گمشدگی کا نشانہ بنے تھے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کو چھ سال گزرنے کے باوجود مقامی پولیس اور حکومتی ادارے خاموش ہیں اور اب تک ان کے پیارے کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
اہلِ خانہ کے مطابق، انہوں نے ایس پی آپریشن زرغون روڈ، سینٹرل پولیس بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان سمیت کئی اعلیٰ حکام کو درخواستیں دیں، لیکن کسی بھی سطح پر ان کی شنوائی نہیں ہوئی۔
برکت علی نے کہا کہ ان کا خاندان شدید کرب اور انتظار کی کیفیت میں ہے اور وہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ محمد رشید بگٹی کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کے اہلِ خانہ کو انصاف مل سکے۔