امریکہ ایک دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی مشرق وسطیٰ بھیج رہا ہے تاکہ ایران پر جوہری معاہدے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز ’یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ‘ کیریبین سے مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے جہاں وہ پہلے سے موجود امریکی جنگی بیڑے میں شامل ہو گا۔
واضح رہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن اور اس کے ساتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز خطے میں پہلے سے تعینات ہیں۔
جمعے کو ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی ’سب سے بہترین چیز ہو گی۔‘
امریکی صدر نے یہ تو نہیں بتایا کہ وہ کس کو ایران کی قیادت کرتے دیکھنا چاہتے ہیں تاہم انھوں نے یہ ضرور کہا کہ ’ایسے لوگ ہیں‘ جو اقتدار سنبھال سکتے ہیں۔
ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خمینی نے ابھی تک ٹرمپ کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’وہ 47 سال سے صرف باتیں کر رہے ہیں جبکہ اس دوران ہم نے کئی زندگیاں کھو دیں۔‘