بلوچستان کے سونمیانی وندر کے علاقے میں پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے میں لسبیلہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری، سینئر صحافی اور روزنامہ انتخاب کے بیورو چیف عزیز لاسی ہلاک ہو گئے جب کہ ان کی بیٹی زخمی ہو گئی۔
یہ حادثہ وندر پولیس اسٹیشن کی حدود میں الجلیل ہوٹل کے قریب مین قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
تصادم کے نتیجے میں عزیز لاسی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جب کہ ان کی بیٹی کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے قومی شاہراہ پر ٹریفک بھی متاثر رہی۔
عزیز لاسی کا شمار لسبیلہ کے سینئر اور متحرک صحافیوں میں ہوتا تھا۔ ان کی ناگہانی وفات پر صحافتی حلقوں، سماجی شخصیات اور شہریوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اسے صحافت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔