بلوچستان کتاب کاروان : کراچی میں تین روزہ کتب میلہ شروع

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے شروع کی گئی کتاب میلہ مہم “بلوچستان کتاب کارواں” بدستور جاری ہے جس کا مقصد معاشرے میں مطالعے کے فروغ اور تعلیمی شعور کو عام کرنا ہے۔

اسی سلسلے میں کراچی یونیورسٹی میں جاری کے یو بک فیئر کے دوران بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام تین روزہ کتاب میلے کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا آج پہلا دن تھا۔ کتاب میلے میں طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کتاب میلوں سے نوجوان نسل کو کتاب سے جوڑنے میں مدد ملتی ہے اور تعلیمی و فکری مباحث کو فروغ ملتا ہے۔ کتاب میلے میں مختلف موضوعات پر مبنی کتابیں نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں جن میں ادب، تاریخ، سیاست، سماجیات اور تعلیم سے متعلق مواد شامل ہے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مطابق “بلوچستان کتاب کارواں” کا آغاز رواں سال کے آغاز میں کیا گیا تھا جو تاحال جاری ہے۔ مہم کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کتاب میلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ کراچی، پنجاب اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی ایسے علمی و فکری میلوں کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔

تنظیم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کتاب میلوں کا مقصد صرف کتابوں کی نمائش یا فروخت نہیں بلکہ معاشرے میں مطالعے کا کلچر پیدا کرنا، طلبہ کو تنقیدی سوچ کی طرف راغب کرنا اور تعلیم کو عام کرنا ہے۔ ان کے مطابق ایک تعلیم یافتہ اور باشعور معاشرہ ہی سماجی ترقی کی ضمانت بن سکتا ہے۔

بساک نے تعلیمی حلقوں، طلبہ تنظیموں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں اور علم و آگاہی کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

Share This Article