ڈیرہ مراد جمالی میں کتب میلے کا انعقاد ، عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک) نصیر آباد زون کے زیرِ اہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں اللہ والا چوک میں آج بروزجمعرات ایک روزہ کتاب میلہ منعقد ہوا، جس میں طلبہ، نوجوانوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے مختلف موضوعات پر دستیاب کتابوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بڑی تعداد میں کتابیں خریدیں۔

بساک کے مطابق یہ میلہ اُن کے جاری "کتاب کاروان” پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت تنظیم بلوچستان کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے کئی شہروں میں بھی کتب میلوں کا انعقاد کرتی ہے۔ اس سلسلے کا مقصد نوجوانوں میں مطالعے کا رجحان بڑھانا، کتاب سے وابستگی پیدا کرنا اور معاشرے میں علمی و فکری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ پسماندہ بلوچستان میں علم و آگہی، تعلیم و تربیت اور جدید دنیا سے ہم آہنگی کے لیے کتاب کلچر کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔

بساک کے مطابق کتاب میلے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور تعلیمی ماحول کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

کتاب میلے کے منتظمین نے عوام کی بھرپور شرکت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

Share This Article