بلوچستان میں بارش و برفباری سے سردی میں شدید اضافہ ، لوگ گھروں میں محصور، معمولات زندگی مفلوج

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

بلوچستان بھرمیں بارش و برفباری سے خون جمادینے والی سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔

قلات میں درجہ حرارت منفی 12 ریکارڈ کی گئی ۔25اور26جنوری کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث کیسکو نے ایک ہفتے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
~
قلات میں گزشتہ روز کے شدید برفباری کے بعد خون جما دینے والی سردی سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قلات میں درجہ حرارت منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شدید سردی میں حسب معمول گیس مکمل بند، بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ ذہنی کوفت میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔

سردی کے باعث پانی کی پائپ لائنیں جمنے سے پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

عوامی منتخب نمائندے خود علاقے سے باہر انہیں ہر سہولت میسر ہیں مگر غریب عوام جہاں پر بے یار و مددگار پڑے ہیں۔

عوامی حلقوں نے گیس بحران کے فوری خاتمے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ مغربی ہواؤں کو سلسلہ 25جنوری اتوار کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 26جنوری کو ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا 25جنوری کی شب اور 26 جنوری کے دوران بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، لورالائی، تربت، گوادر ، جیوانی، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور ، خضدار ، واشک اور خاران میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

26 جنوری کی شب اور 27جنوری کو بلوچستان کے علاقوں ، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے اس دوران سیاحوں اور شہریوں ، علاقہ مکینوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ادھر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے حالیہ شدید سردی کے پیشِ نظر عوامی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کوئٹہ سمیت دیگر سرد علاقوں میں ایک ہفتے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کیسکو کے اس اقدام کا مقصد شدید سرد موسم میں صارفین کی مشکلات میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں کو بحال رکھنا ہے۔

کیسکو انتظامیہ نے یہ فیصلہ حالیہ بڑھتی ہوئی سردی اور عوامی شکایات کے بعد کیا ہے اس دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام آپریشن فیلڈ اسٹاف کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔البتہ کسی بھی علاقے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے اور اسکی درستگی و بجلی کی دوبارہ بحالی کے لئے ٹیمیں اور متعلقہ فیڈرکے انچارج اپنے عملہ کے ساتھ دفاترمیں موجودرہیں گے تاکہ بجلی سے متعلق کسی بھی ایمرجنسی سے بروقت نمٹاجاسکے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ شہر سے باہر صوبہ کے دیگر سرد علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ بلوچستان میں موجود رورل یعنی دیہی فیڈروں کو انکے پرانے شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری رہے گی البتہ مکران ڈویڑن اور سبی و نصیر آباد کے علاقوں پر اسکا اطلاق نہیں ہوگا۔

کیسکو نے اپنے تمام معزز صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں کفایت شعاری سے کام لیں تاکہ برقی سسٹم پر اضافی دبائونہ پڑے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Share This Article