خیبرپختونخوا میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر بم حملہ، 6 اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر بم حملے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ پیر کی صبح تھانہ گومل کی حدود میں پیش آیا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں تھانہ گومل کے ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان بھی شامل ہیں۔

ایک پولیس اہلکار قدرت اللہ نے بتایا ہے کہ بکتربند گاڑی میں ایس ایچ او اور ایڈشنل ایس ایچ او دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے کہ سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا۔

ان کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بکتربند گاڑی کے حصے دور دور تک پھیل گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی کے محکمے کے حکام نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داران کی نشاندہی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

خیبر پختونخوا کا ضلع ٹانک جنوبی وزیرستان، بلوچستان کے ضلع ژوب اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی سرحد پر واقع ہے اور صوبے میں جاری تشدد کے واقعات میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں شامل ہے۔

Share This Article