سندھ حکومت نے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے میری زندگی کو خطرے میں ڈالا،سہیل آفریدی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ کے دورے کے دوران بھی اُن کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

ایکس پر اپنے بیان میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ حیدر آباد سے واپسی پر اُن کے قافلے کے لیے تمام راستے بند کر دیے گئے اور تین گھنٹوں تک مختلف راستے تبدیل کرتے رہے۔

سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ اتوار کی صبح سوا چار بجے وہ ایک سنسان سڑک پر کراچی کی طرف روانہ ہوئے۔ سندھ حکومت نے نہ صرف میری بلکہ میری ٹیم کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ’جو روایات ایک صوبے کے وزیراعلی کے ساتھ دوسرے صوبوں میں بنائی جا رہی ہے یہ مستقبل قریب میں نقصاندہ ثابت ہوگی۔ پاکستان ہم سب کا ہے۔ اس میں نفرتوں کو اتنا مت پھیلائیں جس سے پھر واپسی ممکن نا ہو۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’جعلی جمہوری قوتیں اس میں کوئی کثر بھی نہیں چھوڑ رہی ہے۔ یہ انتہائی شرمناک ہے۔‘

خیال رہے کہ سہیل آفریدی چار روزہ دورے پر سندھ میں موجود ہیں۔ جمعے کو اُن کی کراچی آمد پر ایئر پورٹ پر صوبائی وزیر سعید غنی نے روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک پہنا کر سہیل آفریدی کا استقبال کیا تھا۔

سہیل آفریدی کے اس الزام پر تاحال سندھ حکومت کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم جمعے کو سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر سعید غنی نے اُن کا خیر مقدم کیا تھا۔

سندھ سے قبل وزیر اعلی سہیل آفریدی کا دورہ لاہور متنازع ہو گیا تھا اور اُنھوں نے شکوہ کیا تھا کہ پنجاب میں اُن کی آمد پر مہمان نوازی کے آداب کا خیال نہیں رکھا گیا۔

Share This Article