بلوچستان کے علاقے گوادر اور مچھ سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ ہونے والے 2 افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ۔
گوادر سے بازیاب ہونے والے نوجوان کی شناخت فاروق ولد حاجی ابراہیم کلمتی جبکہ مچھ سے بازیاب ہونے والے کی شناخت میر زمان سمالانی ولد شاہ زمان کے نام سے ہوگئی ہے ۔
دونوں کو مختلف اوقات میں جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
میر زمان سمالانی کو 4 فروری 2024 کو ڈیگاری کراس سے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئر مین نصر اللہ بلوچ نے زمان سمالانی کی بازیابی تصدیق کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہااور امید ظاہر کی کہ حکومت جبری گمشدگیوں کے مکمل سدباب اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانے کے لیے بھی سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ ایک سنگین انسانی اور آئینی معاملہ ہے، جس کا مستقل حل ناگزیر ہے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو قانون کے مطابق منظرِ عام پر لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب گوادرسے بایاب ہونےوالے نوجوان فاروق ابراہیم جو تحصیل جیونی پانوان کا رہائشی ہے کو7 دسمبر کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور گذشتہ روز 27 دسمبر کو بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیاہے۔