ورلڈ بینک کابھارت پاکستان پانی تنازع پر ثالثی کا کردار ادا کرنے سے انکار

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

ورلڈ بینک نے پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے طویل تنازع کو حل کرنے کے لیے غیر جانبدار ماہر یا ثالثی عدالت کی تقرری کے بارے میں آزادانہ فیصلہ لینے سے عاجزی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو دو طرفہ طور پر ایک آپشن کا انتخاب کرنا پڑے گا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد میں اپنی پانچ سالہ میعاد پوری ہونے پر ورلڈ بینک کے سابق کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان پیٹچاموتھو ایلنگوان نے کہا ‘بھارت اور پاکستان دونوں کو مل جل کر فیصلہ کرنا چاہیے کہ کون سا آپشن اپنانا ہے’۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹچاموتھو ایلنگوان نے کہا کہ پاکستان نے ثالثی عدالت (سی او اے) کی تقرری کے لیے درخواست دی تھی جب کہ بھارت نے دو پن بجلی منصوبوں پر ان کے تنازع کو حل کرنے کے لیے غیر جانبدار ماہر طلب کیا ہے۔

ان کا کہن تھا کہ 1960 میں ہونے والے انڈس واٹرس ٹریٹی کے تحت دو متضاد پوزیشنز کی وجہ سے عالمی بینک دونوں حکومتوں کو اختلافات کے حل اور آگے بڑھنے کے لیے راہیں تلاش کرنے میں مدد فراہم کررہا تھا۔

ان سے جب سوال کیا گیا کہ کیا بینک اپنے کردار سے پیچھے ہٹ رہا ہے جبکہ یہ 1960 کے معاہدے کے حصہ تھا تو انہوں نے کہا کہ ‘نعاہدے میں عالمی بینک کے آزادانہ فیصلہ لینے کا کوئی ذکر نہیں ہے’۔

ورلڈ بینک نے سندھ طاس پر ترقیاتی کاموں کا حصہ بننے کا وعدہ کیا تھا اور پھر بھی اس نے دیامر-باشا ڈیم کو فنڈ دینے سے انکار کردیا ہے، اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب بینک داسو 1 اور 2 کی طرح دریائے سندھ پر دوسرے منصوبوں کی حمایت کررہا ہے، بھارت نے ایک متنازع علاقے میں دیامر بھاشا کے مقام پر اعتراض اٹھایا تھا اور متنازع منصوبوں کی مالی اعانت کرنا عالمی بینک کی پالیسی نہیں ہے۔

پاکستان اس وقت سے ہی ورلڈ بینک کو یاد دلاتا آرہا ہے کہ وہ 1960 کے انڈس واٹرس ٹریٹی کے تحت اپنی ذمہ داری کو تسلیم کرے تاکہ دو متنازع منصوبوں یعنی 330 میگاواٹ کے کشن گنگا اور 850 میگاواٹ کے رتلے پن بجلی منصوبوں پر خدشات کو دور کیا جاسکے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے کہ بھارت اس معاہدے کی پاسداری کرے۔

بھارت نے 339 میگاواٹ کا کشن گنگا پروجیکٹ اس عرصے کے دوران مکمل کیا تھا جب ورلڈ بینک نے 2016 کے اوائل میں پاکستان کی درخواست کے تحت ثالثی عدالت (سی او اے) کے قیام کے عمل کو ‘روک’ دیا تھا، پاکستان کی درخواست کے رد عمل میں بھارت نے غیر جانبدار ماہر کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان نے دریائے نیلم پر کشن گنگا منصوبے، چناب پر 850 میگاواٹ کے رتلے پن بجلی منصوبے پر اور تنازعات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

دسمبر 2016 میں بینک نے اعلان کیا تھا کہ اس نے سی او اے یا غیر جانبدار ماہر کی تقرری کے عمل کو ‘روک’ دیا ہے اور دونوں ممالک کے مابین ثالثی شروع کی ہے کہ معاہدے کی روشنی میں اتفاق رائے کیسے پیدا کیا جائے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان بینک کی سہولت کاری اور سئکریٹری سطح کے مذاکرات کا آخری دور ستمبر 2015 میں واشنگٹن میں ہوا تھا جو مو¿خر الذکر مایوسی پر ختم ہوا تھا۔

پاکستان نے لگ بھگ ایک دہائی قبل مستقل انڈس واٹرس کمیشن کی سطح پر دونوں منصوبوں کے ڈیزائن پر متعدد اعتراضات اٹھائے تھے جس کے بعد سیکرٹری کی سطح پر بات چیت ہوئی اور پھر عالمی بینک کے توسط سے ثالثی کی درخواستیں کی گئیں۔

معاہدے کے تحت اگر فریقین دوطرفہ طریقوں سے تنازعات حل کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو متاثرہ فریق کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالت برائے ثالثی یا عالمی بینک کے زیر نگرانی غیر جانبدار ماہر کے دائرہ اختیار کی درخواست کرے۔

Share This Article
Leave a Comment