انڈیا کے وزیر گریراج سنگھ نے بنگلہ دیش کے حالیہ پرتشدد واقعات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے تشدد پرمبنی واقعات افسوسناک ہیں تاہم بنگلہ دیش پاکستان کے راستے پر چل پڑا ہے۔‘
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر موجود ایک ویڈیو میں صحافیوں کے سوال کے جواب کے دوران انڈین وزیر گریراج سنگھ نے کہا کہ پوری دنیا ان واقعات پر حیران ہے۔
ان کے مطابق ’میرا خیال ہے کہ کچھ لوگ بنگال میں بھی بنگلہ دیش کا تصور کر رہے ہیں اور ممتا بنرجی بھی شاید یہی سوچ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت گرانے میں اہم کردار ادا کرنے والی سیاسی تنظیم کے نوجوان رہنما کی ہلاکت کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں جن کے دوران پرتشدد مناظر بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے خلاف نئی دہلی میں بگلا دیش کے ہائی کمیشن کے باہر احتجاج ہوئے ہیں۔ یہ احتجاج ڈھاکہ میں ایک ہندو شخص کے ہجوم کے ہاتھوں قتل کے بعد سامنے آئے۔
اس سے قبل انڈیا میں متعدد تنظیموں کے کارکنان نے منگل کے روز کولکتہ میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ یہ احتجاج میانمن سنگھ، بنگلہ دیش میں ایک نوجوان دیپو چندر داس کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف تھا۔
اس مظاہرے کے دوران مظاہرین کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور ہجوم کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا۔