نوکنڈی میں  آئل ٹینکر اور مسافر گاڑی میں تصادم، 10 افغان شہری ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے سرحدی ضلع چاغی میں ٹریفک کے حادثے میں کم ازکم 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے ۔

ہلاک افراد میں 9 افغان شہری ہیں جبکہ ایک ڈرائیور ہے جس کا تعلق تفتان سے ہے۔

حکام کے مطابق، غیر قانونی طور پر بلوچستان سے ایران جانے کی کوشش کرنے والے ان افغان شہریوں کی گاڑی کو ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں حادثہ پیش آیا۔

ایس ایس پی چاغی محمد شریف کلہوڑو کے مطابق 21 افغان شہری ایک زمیاد گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب ان کی گاڑی نوکنڈی کے قریب ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

یاد رہے کہ ’زمیاد‘ یا ’زمباد‘ نیلے پِک اپ ٹرک ہوتے ہیں جنھیں ایران اور بلوچستان کے درمیان پیٹرول ، ڈیزل سمیت اشیا ئے خوردونوش لانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں کم از کم10 افغان شہری ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔

ایس ایس پی کلہوڑو کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بعد ازاں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو افغانستان بھیج دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد بلوچستان میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تھے اور وہ یہاں سے ایران کے راستے یوروپی ممالک جانا چاہتے تھے۔

ایس ایس پی کلہوڑو کا کہنا تھا کہ ان افراد کو غیر قانونی طور پر لانے میں انسانی اسمگلروں کا منظم گروہ ملوث ہے جس کا پتہ لگانے اور اس کے خلاف کارروائی کے لیے کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

Share This Article