آزادی یا موت، ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے،عمران خا ن کا پیغام

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پحتونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت اور ادارے عمران خان کو جھکانے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی بہنوں کے خلاف واٹر کینن کا استعمال کیا گیا اور مینڈیٹ کی حفاظت کرنے والے ادارے خود مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔

کوہاٹ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ’ ’جیل سے عمران خان کا پیغام آچکا ہے: آزادی یا موت، ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے مذاکرات اور احتجاج کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو دی ہے اور ان رہنماؤں سے ملاقات کے بعد مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ اور گڈ گورننس پر عمل پیرا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں 16 ہزار بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہیں اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں چیلنج کرتا ہوں کہ بھرتیوں کے عمل میں کوئی ایک سیاسی سفارش ثابت کرے۔‘

وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام محکموں، نیم سرکاری اور خودمختار اداروں میں بھرتیاں ایٹا کے ذریعے میرٹ پر ہوں گی اور خیبر پختونخوا میں کوئی نوکری سیاسی سفارش پر نہیں ملے گی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے اور پاکستان کا قرضہ 80 ہزار ارب تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق ’یہ وہ لوگ ہیں جو ہمیں مشورے دیتے ہیں لیکن پاکستان کو ڈبو رہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ڈالر کو مصنوعی طور پر روکا گیا ہے اور جب اسے آزاد چھوڑا جائے گا تو قیمت 300 روپے سے اوپر جائے گی۔

وزیرِاعلیٰ نے کوہاٹ میں گرلز کیڈٹ کالج اور کوہاٹ یونیورسٹی میں گرلز کیمپس قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ 1000 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور پینے کے پانی کے مسئلے کے حل کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔

Share This Article