تربت : مین شاہراہ 5 روز سے بلاک ،ٹریفک معطل ، طلبا کا دھرنا جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ مرکزی شہر تربت میں مکران میڈیکل کالج میں سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کے خلاف طلبہ و طالبات کا احتجاج مرکزی شاہراہ پر پانچ روزسے جاری ہے۔

احتجاجی طلبہ نے کالج انتظامیہ کے فیصلوں کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کالج کے مرکزی گیٹ کے باہر ایم8 شاہراہ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سپلیمنٹری امتحانات کے حالیہ نتائج پر طلبہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ نتائج میں شفافیت کا فقدان ہے اور متعدد طلبہ کو مبینہ طور پر جان بوجھ کر فیل کیا گیا ہے، جبکہ تین طلبہ کو ریپیٹ ایئر کرنے کے فیصلے نے ان کے تعلیمی مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

طلبہ و طالبات کے مطابق انہوں نے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اپنے اعتراضات سے کالج انتظامیہ کو بارہا آگاہ کیا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے نہ تو وضاحت دی گئی اور نہ ہی کوئی عملی اقدام اٹھایا گیا، جس کے باعث انہیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔

احتجاجی طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، نتائج پر نظرِ ثانی کی جائے اور طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کے فیصلے فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ طلبہ نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔

دوسری جانب تاحال مکران میڈیکل کالج کی انتظامیہ یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔جبکہ طلبا تنظیموں نے مذکورہ احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

Share This Article