بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ( بی ایس او) آزاد کے آرگن "سگار” کا 26 واں شمارہ شائع ہو چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں تنظیم کا کہنا تھا کہ بی ایس او آزاد کی جانب سے اُن کے آرگن سگار کی چھبیسوئیں اشاعت چھاپی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سگار بلوچ تحریک کے بُنیادی محرکات کو علمی شکل دینے کی ایک کاوش ہے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ قوموں کا مستقبل اداروں کے پالیسی و فیصلوں پر محیط ہے۔ وقت کی ضرورت اور آئندہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے فیصلہ کن پالیسوں کا انتخاب اپنے ماضی اور حال کے علم اور سمجھ بوجھ پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لینن کے الفاظ میں “Concrete Analysis of Concrete Conditions”۔ بلوچ تحریک کے محرکات کا مکمل جائزہ شاید ایک میگزین کے ذریعے ممکن نہ ہو لیکن اُن کا ادراک کرنے اور اِن معاملات پر بحث کے ابتدا کی ایک سنجیدہ سعی کی گئی ہے۔ تنظیم کا آرگن، اُس میں جاری مباحث اور خیالات کا عکس ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سگار کے اس شمارہ میں گوریلا جنگ، اُس کی تاریخ اور اُس کے مختلف طرزکار سمیت اربن گوریلا وارفئیر، اکیسویں صدی میں جنگوں کی بدلتی ضروریات اور اِن بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق اے۔آئی جیسے انقلاب کے کردار پر مباحث شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہماری کاوش ہے کہ ہمارا لٹریچر نوجوانون کی تربیت سمیت اُنہیں سوال کرنے، معاملات کو تنقیدی نگاہ کے ساتھ پرکھنے اور اس میں اپنا حصہ ڈالنے اور کثیر الجہتی تحریک کے اندر اپنی جگہ متعین کرنے میں مدد کرے۔ اجتمائی مستقبل کے تخلیق کی راہیں آج کے عمل سے نکلتی ہیں، اور ہمارا آج ہمارے اجتمائی کل کا فیصلہ ساز ہے۔