ایران کی حکومت نے عام انڈین پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب ویزا فری سہولت کو22 نومبر 2025 سے معطل کر دیا ہے۔
انڈیا میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عام انڈین پاسپورٹ رکھنے والے انڈین شہریوں کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران میں یک طرفہ سیاحتی ویزا منسوخی کے ضوابط کا نفاذ 22 نومبر 2025 سے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس تاریخ سے عام پاسپورٹ رکھنے والے انڈین شہریوں کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین میں داخل ہونے یا وہاں سے گزرنے یعنی ٹرانزٹ کے لیے ویزا حاصل کرنا ضروری اور لازمی ہوگا۔‘
اسی کے ساتھ ہی انڈین وزارتِ خارجہ نے بھی اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ’حکومت کی توجہ ایسے متعدد واقعات کی طرف مبذول کرائی گئی ہے کہ جن میں انڈین شہریوں کو روزگار کے جھوٹے وعدوں یا کسی اور ملک کے سفر کی یقین دہانیوں کے ذریعے ایران کی جانب سفر کروایا جاتا ہے اور ایسے افراد کا جرائم پیشہ عناصر ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ ایران پہنچنے پر ان میں سے بہت سے افراد کو تاوان کے لیے اغوا کر لیا گیا۔‘
انڈین وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں تمام انڈین شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ’ایران کا سفر کرنے سے پہلے پوری طرح سے اس بات کی تصدیق کر لیں کہ وہ کسی ایجنٹ کے ہاتھوں غلط استعمال تو نہیں ہو رہے اور ایسے ایجنٹوں سے دور رہیں جو ایرانی سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے انھیں کسی اور مُلک تک پہنچانے کے واعدے کر رہیں ہیں۔‘