سیاسی کارکنان کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنا جمہوری آوازوں کو دبانے کی سازش ہے ، شاہ زیب

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی آرگنائزر شاہ زیب کمال بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت ان سمیت دیگر سیاسی کارکنان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا بلوچستان میں سیاسی و جمہوری آوازوں کو خاموش کرنے کی بدترین سازش ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شاہ زیب بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام 1948ء سے ریاستی مظالم کا شکار ہیں اور آج بھی انہیں آئینِ پاکستان 1973ء کے تحت دیے گئے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فورتھ شیڈول کا نفاذ دراصل جبری گمشدگیوں، سیاسی استحصال اور جمہوری تحریکوں کے خلاف ریاستی جبر کا تسلسل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے غیر منصفانہ اور آمرانہ اقدامات سیاسی کارکنان کو ہراساں کرنے کے مترادف ہے، جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

شاہ زیب بلوچ نے واضح کیا کہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی حکومت کی اس پالیسی کے خلاف سیاسی اور قانونی دونوں محاذوں پر احتجاج کرے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی جلد ہی عدالتِ عالیہ میں آئینی درخواست دائر کرے گی تاکہ مطلق العنان قوتوں کے ذریعے سیاسی کارکنان کو فورتھ شیڈول کے پردے میں ہراساں کرنے کے عمل کو چیلنج کیا جا سکے۔

بیان کے اختتام پر شاہ زیب بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں جمہوری آوازوں کو دبانے سے نہ تو عوام کے احساسِ محرومی میں کمی آئے گی، اور نہ ہی سیاسی شعور کو روکا جا سکے گا۔

Share This Article