قلات میں مسلح افراد کا ٹارگٹڈ حملہ، سی ٹی ڈی اہلکار شناخت کے بعد قتل

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع قلات کے منگچر کے علاقے خالق آباد میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک مسافر کوچ کو روک کر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے اہلکار کو شناخت کے بعد گاڑی سے اتارا اور فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت عمران محمد حسنی کے نام سے ہوئی ہے جو مشکے، بلوچستان کا رہائشی تھا۔اور وہ حب چوکی سے کوئٹہ اپنے لوئر کورس میں شرکت کے لیے جا رہا تھا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے کوچ کو خالق آباد کے قریب روکا، مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور سی ٹی ڈی اہلکار کو الگ کرکے گاڑی سے اتارااور موقع پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ابتدائی طور پر واقعے کو ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اب تک اس حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔

Share This Article