بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی )کے اسیر رہنما بیبو بلوچ کے بھائی بلخ شیربلوچ کیخلاف سی ٹی ڈی کی جانب سے ایف آئی آر درج کرکے اسے اشتہاری ملزم قراردیا گیاہے۔
بلخ شیر بلوچ جو انگلینڈ میں تعلیم حاصل کررہے ہیں حکومت نے ان کی غیر موجودگی میں ان پر دہشت گردی کا ایف آئی آر درج کرکے اسے عدالت سے اشتہاری قرار دیا ہے۔
سیاسی حلقوں نے بلخ شیر بلوچ پر مقدمے کی اندراج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی طریقے سے انگلینڈ میں تعلیم کی غرض سے مقیم بلخ شیر بلوچ پر مقدمے کا اندراج کامریڈ غفار قمبرانی (بیبو بلوچ کے والد)کے خاندان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔
یاد رہے کہ بیبوبلوچ کے والد غفار قمبرانی کو بیبو بلوچ کی بی وائی سی سے تعلق کی بنا پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بناکر کئی مہینوں جیل میں ڈالا گیا تھا بعدازاں بناکسی ثبوت کے اسے رہا کردیا گیا جبکہ اس کی صاحبزادی بیبو بلوچ ،بی وائی سی کے دوسرے قائدین ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ، صبغت اللہ شاہ جی ، گلزادی اور بیبرگ بلوچ کے ساتھ تاحال قید کاٹ رہی ہیں۔
واضع رہے کہ بلوچستا ن میں ریاستی جبر کے آگے سرنڈر نہ کرنے والے کارکنان کے خاندانوں کو شدید ہراسانی اور جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاکہ انہیں ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاسکے لیکن عموماً ریاستی فورسز کی یہ چالیں کامیاب نہیں ہوپاتیں۔