بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے اسسٹنٹ کمشنر محمد جان بلوچ نے ایم 8 شاہراہ سمیت ضلع کی تمام اہم ہائی ویز پر سفر کرنے والی گاڑیوں میں فلش اور سرچ لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے اور ڈرائیوروں کو دو دن کی مہلت دی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں سے اضافی روشنیاں فوری طور پر ہٹا دیں۔
انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں تیز روشنیوں کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیوروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نارمل لائٹس استعمال کریں اور اپنی گاڑیوں کے بریک سسٹم کا بھی معائنہ کروائیں تاکہ شاہراہوں پر سفر محفوظ بنایا جا سکے۔
محمد جان بلوچ نے واضح کیا کہ مہلت ختم ہونے کے بعد آر ٹی اے حکام کے ہمراہ کریک ڈاؤن کیا جائے گا، اور جن گاڑیوں پر تیز روشنی یا ناقص بریک پائے گئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام ڈرائیوروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔