بلوچستان حکومت نے بلوچستان میں پوست کی کاشت میں ملوث زمینداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے ضلع دکی سے تعلق رکھنے والے 75زمینداروں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کردئیے ۔
محکمہ داخلہ بلوچستان حکام کے مطابق بلوچستان حکومت نے بلوچستان میں پوست کی کاشت میں ملوث عناصر اور زمینداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغا ز کردیا ہے ۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر دکی کے 75زمینداروں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کردئیے گئے ہیں جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ، لورالائی ،موسیٰ خیل، سبی ، قلات سمیت دیگر علاقوں میں بھی پوست کی کاشت میں ملوث افراد کی نشاندہی کے بعد ان کے نام بھی فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ۔
حکام کے مطابق فورتھ شیڈول میں نام شامل رہنے تک زمیندار کی تمام جائیدادیں ضبط تصورہوں گی، زمینداروں کے اثاثوں کی جانچ پڑتال سی ٹی ڈی کے ذریعے کی جائے گی، زمینداراپنی سفری تفصیلات اور ٹھکانوں سے متعلق لیویز اورپولیس تھانے کو آگاہ کرے گا اور اجازت لے گا۔
زمینداراپنا پاسپورٹ متعلقہ پولیس یا لیویز تھانے کے پاس جمع کروائے گا۔