بلوچستان کے علاقے نوشکی اور ضلع کیچ کے علاقے زامران میں پاکستانی فورسزپر مسلح افراد کے دو مختلف حملوں میں 3اہلکار ہلاک ہوگئے ۔
پہلا واقعہ ضلع نوشکی میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ غریب آباد کے علاقے میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبیداللہ ساکن بٹو لانڈھی اور عبدالرزاق ساکن غریب آباد کے نام سے ہوئی ہے۔
حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسراواقعہ ضلع کیچ میں پیش آیا جہاں مسلح افرادنے پاکستانی فورسز کو ایک بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
دھماکہ کیچ کے علاقے زامران میں کلکی کے مقام پر ہوا جہاں فورسز کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے خالی مورچے میں پہنچے تھیں۔
دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے تاحال حکام کا موقف آنا باقی ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں ایک ہیلی کاپٹر کو بھی دیکھا گیا ہے۔
دونوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم علاقے میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں جو اس نوعیت کے حملوں میں فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔