اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے خبردار کیا ہے کہ جب تک ایسا امن عمل شروع نہیں کیا جاتا جس کے نتیجے میں فلسطینی ریاست کا قیام ممکن ہو، مشرق وسطیٰ کی تباہی یقینی ہے۔
یہ بات انھوں نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن اجلاس سے قبل بی بی سی پینوراما کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو کہی۔
شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم اس مسئلے کو حل نہیں کرتے، اگر ہم اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے مستقبل اور اسرائیل کے ساتھ عرب اور مسلم دنیا کے تعلقات قائم کرنے کی کوشش نہیں کرتے، تو ہماری تباہی یقینی ہے۔
شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ اس خطے میں امن کے لیے کئی کوششیں کی گئی جو ناکام ہوئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دو ریاستی حل جس میں اسرائیل کے ساتھ مغربی کنارے اور غزہ پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی اس کا واحد حل ہے۔
شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ سیاسی بصیرت کے ساتھ صورتحال کو واپس پہلے کی پوزیشن پر واپس لے سکیں گے۔ ’کیونکہ اگر ہم اس مسئلے کو حل نہیں کرتے ہیں، تو ہمیں دوبارہ اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔