بلوچ قومی تحریک میں انٹیلی جنس کی ضرورت | داد جان بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
10 Min Read

تعارف

دنیا کی ہر قومی آزادی کی تحریک نعرے قربانیاں اور جذبات کے ساتھ ساتھ ایک ایسے منظم ڈھانچے پر بھی کھڑی ہوتی ہے جو اسے حکمتِ عملی فراہم کرے تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ محض جوش و خروش کے بل بوتے پر کوئی تحریک دیرپا کامیابی حاصل نہیں کرتی۔ کامیابی کی اصل کنجی انٹیلی جنس (Intelligence) ہے۔ انٹیلی جنس صرف دشمن کے راز جاننے یا سازشیں بے نقاب کرنے کا عمل نہیں بلکہ یہ ایک فکری عسکری اور سیاسی اوزار ہے جو دشمن کے عزائم عوامی رجحانات اور عالمی حالات کو سمجھ کر تحریک کو مستقبل کا راستہ دکھاتا ہے۔

بلوچ قومی تحریک جو ایک صدی سے زائد عرصے سے مختلف مراحل میں جاری ہے، آج اس نہج پر کھڑی ہے جہاں اس کی بقا اور کامیابی کے لیے انٹیلی جنس کا کردار فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔

تاریخی تناظر میں انٹیلی جنس:

دنیا کی کئی آزادی کی تحریکوں نے اپنی کامیابی کا سہرا انٹیلی جنس کو دیا۔

ویتنام کی جنگ ویت کانگ نے مقامی کسانوں، مزدوروں اور خواتین کو انٹیلی جنس نیٹ ورک کا حصہ بنایا، جس نے امریکی فوج کی طاقت کو مفلوج کردیا۔ امریکی فوج جدید ہتھیاروں کے باوجود اندھی جنگ لڑنے پر مجبور ہوگئی۔

الجزائر کی آزادی: FLN نے فرانسیسی افواج کے خلاف ایک شہری نیٹ ورک بنایا جو ان کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھتا تھا۔ یہی نیٹ ورک آزادی کی بنیاد بنا۔

آئرش ریپبلکن آرمی (IRA): برطانیہ کے خلاف IRA نے صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ اندرونی جاسوسی کے ذریعے بھی دشمن کو کمزور کیا۔ ان کے ایجنٹ برطانوی نظام کے اندر بھی موجود تھے۔

فلسطینی تحریک: اسرائیل جیسے جدید ریاستی ڈھانچے کے سامنے فلسطینیوں نے انسانی نیٹ ورک (Human Intelligence) کے ذریعے محدود وسائل کے باوجود اپنی مزاحمت جاری رکھی۔

یہ مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ چھوٹی تحریکیں بھی اگر مؤثر انٹیلی جنس رکھیں تو بڑی طاقتوں کو چیلنج کر سکتی ہیں۔

بلوچ قومی تحریک میں انٹیلی جنس کی ضرورت:

ریاستی جبر کا توڑ

بلوچستان میں پاکستانی ریاست نے عسکری اور انٹیلی جنس اداروں کا ایک جال بچھایا ہے۔ لوگوں کو اغوا کرنا،کاؤنٹر انسرجنسی آپریشنز اور مقامی ایجنٹوں کی بھرتی اسی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ اس کا توڑ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب بلوچ تحریک بھی اپنے لیے ایک فعال اور پیشگی انٹیلی جنس نظام قائم کرے جو بیانات کے بجائے پریکٹیکل ہو اور جس کی تشہیر کی ضرورت میڈیا کے بجائے حقیقت پسندانہ ہو۔

تنظیمی ڈھانچے کی حفاظت:

دشمن ہمیشہ تحریک کے اندر دراڑ ڈالنے شکوک پیدا کرنے اور مخبروں کو داخل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایک مضبوط انٹیلی جنس سیل ہی اندرونی صفوں کو محفوظ بنا سکتا ہے یہ ایک عام مسلہ نہیں بلکہ ایک دائمی مسلہ ہے ب تک بلوچ ہے یہ مسلہ چلتا رہے گا لیکن اس کی تدارک ایک بہترین انٹیلی جنس ہی کرسکتی ہے۔

عالمی سیاست اور سفارت:

آج کے دور میں کوئی بھی تحریک صرف عسکری محاذ پر نہیں جیتتی عالمی رائے عامہ انسانی حقوق کے ادارے اور بڑی طاقتوں کی پالیسیوں کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ چین، امریکہ اور روس جیسے ممالک کی پالیسیوں کا رخ کس طرف ہے؟ یہ سب جاننا صرف تجزیاتی انٹیلی جنس کے ذریعے ہی ممکن ہے تاکہ مستقبل کا لائحہ عمل بہتر ہو اور پاور پالیٹکس سے وقتی اور لونگ ٹرم پالیسی سے کیسے استفادہ کیا جاسکتا ہے ان تمام معاملات کیلئے ایک انٹیلی جنس ہونا بہت ضروری ہے۔

عوامی شعور اور حمایت:

تحریک کا سب سے بڑا سرمایہ عوام ہیں انٹیلی جنس کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ عوامی رجحانات اور سوچ کو مسلسل پرکھا جائے۔ کہاں عوام کھل کر ساتھ دے رہے ہیں اور کہاں خوف یا مایوسی غالب ہے؟ اس فہم کے بغیر حکمتِ عملی ادھوری رہتی ہے اور کونسی سیاسی حکمت عملی تحریک کو فائدہ دے رہی ہے ان کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

وسائل کی کمی:

جدید ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ یا سائبر آلات تک رسائی نہ ہونے کے سبب تحریک زیادہ تر انسانی نیٹ ورک پر انحصار کرتی ہے اسلئے تحریک کے ساتھیوں کو ان ضروریات سے غافل نہیں ہونا چاہیے اگرچہ بلوچ تحریک کے پاس اعلیٰ سطح کے انٹیلی جنس یا سائبر وسائل محدود ہیں، مگر چھوٹی مگر منظم کمیٹیاں تشکیل دے کر آن لائن سکیورٹی اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔

ریاستی ادارے جیسے ISI اور MI نہ صرف مالی وسائل اور جدید تکنیکی سہولیات سے لیس ہیں بلکہ انہیں عالمی سطح پر بھی تعاون حاصل ہے۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے اور ساتھ ہی ان کی جانب سے ہونے والی مسلسل ڈیجیٹل دراندازی پر کڑی نظر رکھنا ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے بیرونِ ملک مقیم ان بلوچ افراد کی مدد لینا بھی مفید ہوگا جو سیکیورٹی کے معاملات کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں اور اس حوالے سے مؤثر رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔

داخلی انتشار: مختلف گروہوں میں تقسیم اور باہمی بداعتمادی:

انٹیلی جنس کا کام یہ ہے کہ وہ ایسے افراد پر نظر رکھے اور ان کی باتیں سن کر تجزیہ کرے جو تحریک کو منظم یا متحد ہونے سے روک رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، انٹیلی جنس تمام معلومات کو پروسس کرتی ہے، مثلاً تنظیم کی مالی حیثیت کیا ہے، دفاع پر کتنا خرچ ہو رہا ہے، کہاں اور کیسے کمزوری یا غلط فہمی پیدا ہو رہی ہے جس سے تحریک کو نقصان پہنچ رہا ہے، اور تنظیم کے اتحادی اس صورتحال کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔

مستقبل کی ضروریات:

ادارہ جاتی انٹیلی جنس سیل تحریک کو ایک مستقل ادارہ درکار ہے جو صرف معلومات جمع نہ کرے بلکہ ان کا تجزیہ کر کے پالیسی سازی میں شامل کرے۔

ڈیجیٹل سکیورٹی تحریک کے لیے دشمن کی آنکھوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سب سے طاقتور ہتھیار ہیں۔ ان کے حملوں سے بچاؤ کے لیے انکرپشن، محفوظ ایپس اور سائبر سکیورٹی کے اصول اپنانا نہ صرف ضروری ہے بلکہ قومی حفاظت کی بنیاد بھی ہے۔ اگر خود یہ سہولتیں فراہم کرنا ممکن نہ ہو تو ایسے وقت میں ڈیجیٹل سکیورٹی کے ماہرین کی مدد قومی جدوجہد کے لیے لازمی ہو جاتی ہے۔

ہیومن انٹیلی جنس (HUMINT) گاؤں، قصبوں اور شہروں میں عوامی نیٹ ورک قائم کیے جائیں جو فوری طور پر دشمن کی سرگرمیوں سے آگاہ کر سکیں۔

تحقیقی و تجزیاتی مراکز ایک مضبوط تھنک ٹینک یا تحقیقی ادارہ جو عالمی سیاست، معیشت، اور خطے کی بدلتی صورتحال کا تجزیہ کر کے بلوچ تحریک کو درست سمت دے سکے، نہایت ضروری ہے یہ انٹیلی جنس کیلئے بہت اہم ہے مثال کے طور پر، چین کے بلوچستان میں طویل المدتی مفادات کیا ہیں، امریکہ اور پاکستان کے درمیان منرل ڈیل کا بلوچ تحریک پر کیا اثر پڑے گا، اور سعودی عربپاکستان دفاعی و اقتصادی پیکٹ کے نتائج بلوچ جدوجہد پر کیسے اثرانداز ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ان معاہدوں اور بین الاقوامی اقدامات سے وقتی اور دائمی نقصانات کا اندازہ لگانا اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے بلوچ تحریک کن ممالک اور وسائل سے مدد لے سکتی ہے، یہ بھی اس تحقیقی مرکز کی اہم ذمہ داری ہوگی۔”

بلوچ قومی تحریک کے لیے انٹیلی جنس ایک وجودی سوال ہے۔ دشمن کی عسکری برتری، ریاستی جبر اور عالمی سیاست کے بھنور میں صرف وہی تحریک زندہ رہ سکتی ہے جس کے پاس ایک منظم انٹیلی جنس ڈھانچہ ہو۔ تاریخ گواہ ہے کہ بڑی طاقتیں بارہا ان چھوٹی تحریکوں سے شکست کھا چکی ہیں جنہوں نے انٹیلی جنس کو اپنا ہتھیار بنایا۔

بلوچ تحریک کو بھی یہ سبق سیکھنا ہوگا کہ اصل قوت صرف بندوق یا نعرے میں نہیں بلکہ دشمن کے منصوبوں کو سمجھ کر ان کا توڑ کرنے کی حکمتِ عملی میں ہے۔ یہی بلوچ تحریک کی بقا اور کامیابی کی سب سے بڑی ضمانت ہوگی۔

٭٭٭

Share This Article