بلوچستان کے علاقے ڈیرہ اللہ یارمیں دھماکا اور بلیدہ میں فائرنگ کے واقعہ سے بچہ سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دشت اور مند سے 2 لاشیں برآمدہوئی ہیں جن میں ایک کی شناخت لاپتہ افراد کے طور پر کی گئی ہے۔
ڈیرہ اللہ یار کے قریب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے بچہ ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جمعہ کو ڈیرہ اللہ یار کے قریب زیرو پوائنٹ پر دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے کچرہ چننے والا بچہ ذاکر ڈومکی ہلاک جبکہ سراج ڈومکی شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس نے لاش اور زخمی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی گئی جبکہ زخمی بچے کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کردیا گیا۔
پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔
ادھر بلیدہ کے علاقے ڈبک اچانک بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دادین نامی شخص ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے اچانک بازار میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دادین موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ حملہ آور واقعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
دوسری جانب لیویز ذرائع کے مطابق دشت کے علاقہ مکسر سے ایک لاش ملی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
لاش کو ضروری کارروائی اور شناخت کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا مند سے ایک شخص کی لاش برآمدہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مند کے علاقہ کوہ ڈگار گوک سے ملنے والی لاش کی شناخت مسلم ولد نعمت اللہ سکنہ ھوزئی مند سے ہوئی ہے ۔
مقتول کو چند روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا۔
پولیس واقعے سے متعلق مزید تفتیش کررہی ہے۔