پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے اسیر رہنماؤں کی رہائی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبے پر اسلام آباد میں جاری بلوچ خاندانوں کے پرامن دھرنے کو 70 دن مکمل ہو گئے۔
خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچے سخت موسم، بارشوں، جھلسا دینے والی گرمی اور حکومتی خاموشی کے باوجود اپنے مطالبات کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔
دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ نہ حکومت اور نہ ہی مرکزی میڈیا نے اب تک ان کی آواز سننے کی ہمت کی ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ طاقتور حلقے ان کے دکھ کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ حکومت اور اداروں کی عدم دلچسپی کے باوجود وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اسیر رہنماؤں کی رہائی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔