بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے ٹیچنگ ہسپتال میں3 نامعلوم افراد کی لاشیں ایک ہفتے سے شناخت کے منتظر ہیں۔
ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی کے مطابق یہ لاشیں رواں ہفتے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہسپتال لائی گئیں۔
فورسز کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد مختلف مقامات پر سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے تھے۔
ڈاکٹر وحید بلیدی نے بتایا کہ طویل عرصہ گزرنے کے باعث لاشوں کی حالت خراب ہوتی جا رہی ہے اس لیے ضرورت ہے کہ ان کی جلد شناخت کر کے قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے عوام اور لواحقین سے اپیل کی کہ اگر کوئی ان افراد کو جانتا ہو یا ان کے رشتہ داروں سے واقف ہو تو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال تربت سے رابطہ کرے تاکہ لاشیں ورثا کے حوالے کی جا سکیں۔
واضع رہے کہ بلوچستان بھر میں مختلف اوقات میں لاشیں برآمد ہوتی رہتی ہیں اور فورسز کے دعوئوں کے مطابق وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ مقابلوں میں مارے گئے افراد ہیں لیکن ان کی شناخت سامنے آنے کے بعد یہ عقدہ کھلتا ہے کہ وہ پہلے سے جبری لاپتہ افراد تھے جنہیں جعلی کارروائیوں میں ماورا ئے عدالت قتل کردیا گیا ہے۔