خیبر پختونخوا میں پاکستانی فوج کا مبینہ آپریشنز،12اہلکار ، 35 مسلح افراد کی ہلاکت کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستانی فوج نے صوبہ خیبر پختونخوا کے دو مقامات پر سکیورٹی فورسز کے مبینہ آپریشنز کے دوران 35 مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہےجبکہ اس دوران 12 اہلکاروں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع باجوڑ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں ’فائرنگ کے شدید تبادلے‘ کے دوران 22 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع جنوبی وزیرستان میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے 13 مزید عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا۔

فوج نے دعویٰ کیا عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے 12 فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔

اس نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں سے اسلحہ برآمد کیا گیا اور وہ ان علاقوں میں متعدد حملوں میں ملوث رہے تھے۔

پاکستانی فوج نے ہلاک افراد کو ’انڈین سپارنسرڈ‘ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ خیال رہے کہ انڈین حکام ماضی میں ایسے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ ’انٹیلی جنس رپورٹس سے تصدیق ہوتی ہے کہ اِن کارروائیوں میں افغان شہری ملوث ہیں۔

‘ اس نے دعویٰ کیا کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے پاکستان میں حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کی جا رہی ہے۔ ’پاکستان افغان عبوری حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے اور پاکستان کے خلاف عسکریت پسند سرگرمیوں میں اپنی سرزمین استعمال ہونے کو روکے۔‘

خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیرِ دفاع ملّا یعقوب نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے ’سکیورٹی ادارے کمزور ہیں اور اس کمزوری کو چھپانے کے لیے وہ افغانستان پر الزامات عائد کرتے ہیں۔‘

بی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں ملّا یعقوب نے مزید کہا تھا کہ ’تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ (علیحدگی پسند) اپنی کارروائیاں پاکستان میں کرتے ہیں۔ وہ ڈیورنڈ لائن سے سینکڑوں کلومیٹر دور (پاکستان کے) بڑے شہروں میں حملے کرتے ہیں۔‘

واضع رہے کہ آئی ایس پی آر نے حسب روایت ہلاک افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے جس سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئی ایس پی آر بلوچستان و خیبر پختونخوا میں فوج کی گرتی مورال کوبلند رکھنے کے لئے جعلی کارروائیوں کا سہارہ لیکر پہلے سے فورسز کے زیر حراست لاپتہ افراد کو ماورائے عدالت قتل کرتی ہے۔

Share This Article