جیونی میں ٹریفک حادثہ ،اوستہ محمد میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے جیونی میں ٹریفک حادثہ اور اوستہ محمد میں فائرنگ کے وقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

ساحلی ضلع گوادر کے علاقے جیونی میں کار اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوکر تھانے پہنچ گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کار سوار نے بیان دیا کہ موٹر سائیکل اچانک میرے سامنے آگئی میں بھاگا نہیں بلکہ تھانے پہنچا ہوں۔

کار ڈرائیور کی شناخت قربان مری کے نام سے ہوئی ہے جو تعلق کے لحاظ سے سندھ کا رہائشی ہے اور اس وقت تربت کے علاقے مری آباد میں مقیم ہے۔

حادثے کے دوران کار ڈرائیور کے ہاتھ پر بھی معمولی چوٹ آئی ہے۔

حادثے میں ہلاک نوجوان کی شناخت حسان ولد الٰہی بخش کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والا سمیر ولد مجید بھی جیونی کا رہائشی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ادھر ضلع جعفرآباد کے علاقے اوستہ محمد میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ سٹی اوستہ محمد کی حدود میں واقع غریب آباد میں نامعلوم افراد نے سید شوکت شاہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع واردات سے فرار ہو گئے۔

پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

Share This Article