بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اورچمن میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔
کوئٹہ کے علاقے کلی کمالو گاہی خان چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت حاجی عثمان ولد محمد افضل قوم لہڑی سکنہ کلی چلتن کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزمان نے فائرنگ کے بعد مقتول کی ناک بھی کاٹ دی اور فرار ہوگئے۔
لاش کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
کوئٹہ میں ایک اور واقعہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
کوئٹہ میں سریاب روڈ بی بی زیارت کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 40 سالہ مقتول کی شناخت محمد صدیق کے نام سے ہوئی ہے۔
لاش قانونی کارروائی کے لئے سول ہسپتال منتقل کردی گئی ۔
پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
دریں اثنا چمن میں جے یو آئی کے رہنما کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
چمن کے علاقے کلی محمد حسن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) تحصیل چمن کے رہنما حافظ قادر ہلاک ہوگئے۔
لیویز اہلکاروں نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
واقعے کے بعد جے یو آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر جمع ہوگئی۔
حافظ قادر جان جے یو آئی کے سالار تھے، پولیو ویکسینیشن مہم کے سپروائزر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔