بلوچستان بورڈ آف انٹیر میڈییٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے بلوچستان کے میٹرک اور انٹر کے طلبا کو امتحان کے بغیر پاس کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
بورڈ کے چیئرمین پروفیسر محمد یوسف بلوچ کے مطابق یہ قدم کورونا کے باعث تعلیمی اداروں کی طویل بندش کے باعث بلوچستان حکومت کی منظوری سے اٹھایا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق نویں جماعت کے طلبا دسویں جماعت کے لیے پروموٹ کیے جائیں گے جبکہ دسویں جماعت کے طلبا کو امتحان دیے بغیر پاس کیاجائے گا۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ فرسٹ ایئر کے طلبا کو سیکنڈ ایئر کے لیے پروموٹ کیا جائے گا جبکہ سیکنڈ ایئر کے طلبا بھی امتحان دیے بغیر پاس کردیے جائیں گے۔
جو طلبا نویں سے دسویں جماعت اور فرسٹ ایئر سے سیکنڈ ایئر میں پروموٹ ہوں گے انہیں بعد میں کمپوزٹ امتحان نہیں دینا پڑے گا بلکہ صرف دسویں اور سیکنڈ ایئر کا امتحان دینا پڑے گا۔ نویں جماعت سے دسویں جماعت کے لیے پروموٹ ہونے والے طلبا کو نویں جماعت کے لیے اتنے نمبر دیے جائیں گے جو وہ دسویں جماعت کے امتحان میں حاصل کریں گے۔
جبکہ دسویں جماعت کے طلبا کو پاس کرکے انہیں دسویں جماعت کے لیے اتنے نمبر دیے جائیں گے جتنے انہوں نے نویں جماعت میں حاصل کیے تھے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق فرسٹ ایئر کے طلبا کو سیکنڈ ایئر میں پروموٹ کرتے ہوئے انہیں فرسٹ ایئر کے لیے اتنے نمبر دیئے جائیں گے جو وہ سیکنڈ ایئر کے امتحان میں حاصل کریں گے۔
سیکنڈ ایئر کے طلبا کو پاس کرتے ہوئے انہیں سیکنڈ ایئر کے لیے اتنے نمبر دیئے جائیں گے جتنے انہوں نے فرسٹ ایئر میں حاصل کیئے ہیں۔
میٹرک اور انٹر کے طلبا کو کورونا کے حوالے سے تین فیصد اضافی نمبر دیئے جائیں گے۔ جن طلبا کے نویں اور فرسٹ ایئر کے امتحانات میں تین پرچے کمپارٹ آئے ہیں ان کو فیل نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کو ہر پرچے کے لیے صرف پاسنگ مارک دیا جائے گا جو 33 ہیں۔ تاہم کورونا کے حوالے سے صورتحال بہتر ہونے پر ان طلبا کے لیے خصوصی امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا جو فرسٹ ایئر میں حاصل کیے جانے والے اپنے نمبروں سے مطمئن نہیں اور وہ ڈویڑن امپروومنٹ کا امتحان دینا چاہتے ہیں یا جو فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کا کمپوزٹ امتحان دینا چاہتے یا جو اضافی مضامین میں امتحان دینا چاہتے ہیں۔