مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کی خالی قرار دی جانے والی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

اس بات کا اعلان پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر حنیف عباسی اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا اور کہا کہ دونوں جماعتیں آنے والے ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے نہیں کریں گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل فیصل آباد، سرگودہا اور لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں نے نو مئی 2023 کو سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سرکاری املاک پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات ثابت ہونے پر پی ٹی آئی اراکین پارلیمان اور کارکنوں کو سزائیں سنائی تھیں۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان اراکین کو نا اہل قرار دیا تھا اور ان خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد پانچ اکتوبر کو ہونا ہے۔

سنیچر کے روز راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج کی ملاقات دونوں جماعتوں کے قائدین کی ہدایت پر ہوئی اور اس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی اور دونوں جماعتوں کے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ جس حلقے میں جس جماعت کا رنر اپ تھا وہاں دوسری جماعت حمایت کرے گی۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان فارمولہ طے پاگیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں جس حلقے میں پی پی پی کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا تھا اس حلقے میں مسلم لیگ نہمیں سپورٹ کرے گی اور جس حلقے میں مسلم لیگ ن کا امیدوار دوسرے نمبر پر تھا وہاں پی پی پی سپورٹ کرے گی۔

وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں جماعتیں سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں اور ضمنی انتخابات دونوں جماعتیں مل کر لڑیں گی۔

حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گی۔

Share This Article