بلوچستان کے علاقے چاغی میں پاکستانی فورسز کی گاڑی پر دھماکا اور سپرنٹنڈنٹ پولیس واشک کے اغواکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ ضلع چاغی میں پاکستانی فورسز کی گاڑی پر دھماکا ہوا ہے۔
ابتدائی رپورٹوں میں گاڑی میں سوار اہلکاروں میں ہلاکتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تاہم سرکاری تصدیق کا ابھی تک نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب بلوچستان سے ایک اور اعلیٰ پولیس افسر کے اغوا کی اطلاعات ہیں۔
کوئٹہ سے موصولہ معلومات کے مطابق مسلح افراد نے ایک کارروائی میں سپرنٹنڈنٹ پولیس شفیق شاہوانی کو بندوق کے زور پر اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس نے واقعے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔
اغوا کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا، تاہم اغوا شدہ ایس پی پولیس کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے۔
تاحال اس واقعے کے محرکات یا ذمہ دار عناصر کے بارے میں حکام نے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان میں شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد اب تک متعدد اعلیٰ پولیس افسران کو اغوا یا ہلاک کیا جا چکا ہے، ان میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت ایک ایس ایچ او کی ہلاکت جبکہ کچھی میں ایک پولیس انسپکٹر کو متعدد اہلکاروں کے ہمراہ مسلح افراد کے ہاتھوں حراست میں لیا جانا شامل ہے۔
اس کے علاوہ مسلح افراد نوشکی میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو بھی تحویل میں لے کر بعدازاں شہر سے بےدخل کر چکے ہیں، جبکہ متعدد کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ “سی ٹی ڈی” کے اہلکاروں کو بھی اغوا کیا گیا ہے۔