پنجگور ، کوئٹہ اور پشین میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے پنجگور ، کوئٹہ اور پشین میں فائرنگ کے تین واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

پنجگور میں سٹی پولیس تھانہ کی حدود شاپاتان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شاپاتان کے رہائشی مطلب ولد مسلم کو قتل جبکہ فیض محمد ولد یعقوب کو زخمی کردیا ۔

واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

پولیس اس سلسلے مذید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب پشین کے علاقے سید حمید کراس کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر نعش ہسپتال منتقل کردی۔

قتل کئے گئے شخص کی شناخت ڈاکٹر اقبال کے نام سے کی گئی۔

نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی تاہم قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔

مزید کارروائی پشین انتظامیہ کررہی ہے۔

اسی طرح کوئٹہ میں جناح روڈ نزد جناح چیک پوسٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں قبائلی رہنما حاجی عبدالروف سیگی کا بیٹا اسلم ترین شدید زخمی ہو گیا جو زخموں کا تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

Share This Article