بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ( سی ٹی ڈی ) کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کے راکٹ حملوں اور فائرنگ سے 3 ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
علاقائی اور حکومتی ذرائع کاکہنا ہے کہ حملوں میں ایک اہلکار سمیت 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
واقعہ سوئی میں پیش آیا ۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے آئی ایس آئی کے دفتر کے قریب واقع سی ٹی ڈی کے دفتر پر مسلح افراد نے راکٹوں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق شہر کے قلب میں واقع دفتر پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا جس کی شناخت رمضان گاجانی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت امین گاجانی کے نام سے ہوئی ہے۔
حملے کے بعد فوج نے پی پی ایل فیلڈ کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور فیلڈ کے تمام گیٹس کو مکمل طور پر بند کردیا ہے۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں گزشتہ شپ سی ٹی ڈی تھانے پر مسلح افراد نے حملہ کرکے فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے ۔جبکہ فائرنگ سے سی ٹی ڈی ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے نعشوں اورزخمی کو ہسپتال پہنچادیا اور پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے کلیرنس آپریشن شروع کردیا۔