پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں جمعرات کو فلیش فلڈ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔
خیبرپختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں جمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔
حکام کے مطابق بونیر سمیت متعدد اضلاع میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کےباعث جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 189 فراد ہلاک اور21 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 163 مرد، 14 خواتین اور 12 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 18 مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
یاد رہے اس سے قبل صحافی زبیر خان سے بات کرتے ہوئے امدادی ادارے ریسکیو 1122 نے بتایا تھا کہ ضلع بونیر میں بارشوں اور کاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے کم از کم 157 افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بونیر کے دفتر کے مطابق 78 لاشیں ہسپتالوں میں لائی گئی ہیں جبکہ کئی علاقوں سے لاشوں کو ہسپتالوں میں نہیں پہنچایا جا سکا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔
ادارے نے تیز بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام کو قرار دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 45 گھر وں کو نقصان پہنچا ہے جس میں 38 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ سات گھر مکمل منہدم ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کےمطابق امدادی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ آپس میں مكمل رابطے میں ہیں اور صورتحال كی نگرانی كی جا رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں كو امدادی سرگرمیاں تیز كرنے كی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث متاثرہ اضلاع كے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث متاثرہ ضلع بونیر کو 15 کروڑ، ضلع باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو10، 10 کروڑ اور سوات كو پانچ كروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے اعلامیے کےہے مطابق تما م متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراوں اور رابطہ سٹرکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔