یمن کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ، 68 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اتوار کے روز خراب موسم کے باعث یمن کے ساحل کے نزدیک 150 کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانے والی کشتی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) کے یمن کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ یمن کے جنوبی صوبے ابیان کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹنے کے بعد 68 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 12 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔

آئی او ایم کے مطابق، کشتی پر سوار بیشتر افراد کا تعلق ایتھوپیا سے ہے۔

افریقہ سے کام کی تلاش میں خلیجی عرب ریاستوں کا سفر کرنے والے تارکین وطن کے لیے یمن ایک مقبول ٹرانزٹ ملک ہے۔

آئی او ایم کے اندازوں کے مطابق، حالیہ مہینوں میں بحری جہازوں کے حادثوں میں سینکڑوں افراد ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں۔

آئی او ایم یمن کے سربراہ عبدالستور ایسویف کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی تقریباً 157 تارکین وطن کو لے کر جا رہی تھی۔

خبر رساں ادار ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، 54 تارکین وطن کی لاشیں جنوبی ضلع خانفر میں ساحل کے کنارے سے ملی ہیں، اور 14 دیگر کو ابیان کے صوبائی دارالحکومت زنجبار میں ہسپتال کے مردہ خانے میں لے جایا گیا ہے۔

Share This Article